کراچی (کیو این این ورلڈ/نمائندہ خصوصی ڈاکٹربشیراحمد بلوچ)موبائل فونز لیکر بھاگنے والے ملزم کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، متاثرہ لڑکیوں کا احاطہ عدالت میں ملزم پر چپلوں سے حملہ
کراچی میں نوکری کا جھانسہ دے کر دسیوں لڑکیوں کے قیمتی موبائل فونز ہتھیا کر فرار ہونے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا، جہاں پیشی کے موقع پر موجود متاثرہ لڑکیوں نے غصے میں آ کر ملزم کو چپلوں اور تھپڑوں کا نشانہ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملیر کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں نوکری کا جھانسہ دے کر تقریباً 60 لڑکیوں سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے والے مرکزی ملزم بابر کو پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران کیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس نے ملزم کو گزشتہ روز کارروائی کے دوران گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے متعدد برآمد شدہ موبائل فون بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزم کے دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری اور باقی ماندہ موبائل فونز کی برآمدگی کے لیے مزید تفتیش درکار ہے، جس پر عدالت نے ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
عدالتی کارروائی کے موقع پر احاطہ عدالت میں متاثرہ لڑکیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ جیسے ہی ملزم کو عدالت میں پیشی کے لیے لایا گیا، غصے سے بھرپور متاثرہ لڑکیوں نے ملزم کو گھیر لیا اور اس پر چپلوں اور تھپڑوں کی برسات کر دی۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں یکم اکتوبر کو ملزم نے مختلف لڑکیوں کو نوکریوں کی فراہمی کا جھانسہ دے کر گڈاپ کے علاقے میں واقع ایک فارم ہاؤس پر بلایا تھا۔ فارم ہاؤس پہنچنے پر ملزم چالاکی سے تمام لڑکیوں کے قیمتی موبائل فونز اپنے قبضے میں لے کر موقع سے فرار ہو گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو سراغ لگا کر گرفتار کیا۔