کراچی: کار سے ملنے والی جھلسی لاش کی شناخت معمہ حل، مقتول قربان حسین نکلا، پولیس کی جدید ٹیکنالوجی سے مدد

کراچی (کیو این این ورلڈ / ڈاکٹر بشیر بلوچ نمائندہ خصوصی کی رپورٹ) کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ایک روز قبل کار سے ملنے والی جزوی طور پر جھلسی ہوئی نامعلوم لاش کی شناخت کر لی گئی ہے۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، بائیو میٹرک سسٹم اور ٹیکنیکل ذرائع کی مدد سے مقتول کی شناخت 38 سالہ قربان حسین ولد غلام صابر خان کے نام سے کر لی، جبکہ ابتدائی طور پر ملنے والی معلومات کی بنیاد پر مقتول کو 42 سالہ ذیشان ناز قرار دیا جا رہا تھا۔

پولیس کے مطابق ضلع ویسٹ کے علاقے شاہ بیگ گوٹھ میں ایک کار سے جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی تھی۔ لاش کے قبضے سے ملنے والی دستاویزات، موبائل فون اور گاڑی کی بنیاد پر ابتدائی طور پر شناخت ذیشان ناز ولد عبدالغفور کے نام سے کی گئی، تاہم جب اہلخانہ کو بلایا گیا تو انہوں نے لاش کو پہچاننے سے انکار کر دیا، البتہ برآمد ہونے والے سامان اور دستاویزات کی شناخت کی گئی۔

ایس ایس پی ویسٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا اور مقتول کی اصل شناخت کے لیے جدید تکنیکی ذرائع استعمال کیے۔ بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کے ذریعے معلوم ہوا کہ لاش دراصل قربان حسین ولد غلام صابر خان کی ہے۔

پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر مقتول کے اہلخانہ کا سراغ لگایا اور انہیں واقعے سے آگاہ کیا، جس کے بعد مقتول کی اہلیہ سکینہ بی بی نے لاش کی شناخت کر لی۔ پولیس حکام کے مطابق قربان حسین کا تعلق پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ سے تھا اور وہ کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 7-A میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھا، جہاں وہ صفائی کا کام کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے قتل کے معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ برآمد ہونے والے موبائل فون، دستاویزات اور دیگر اشیاء سے منسلک افراد کے بارے میں بھی چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کے اصل محرکات اور ملزمان تک پہنچا جا سکے۔

پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر قتل کا معلوم ہوتا ہے اور مقدمہ درج کرنے کا عمل جاری ہے۔ تفتیشی ٹیمیں مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں تاکہ مقتول قربان حسین کے قتل کی وجوہات اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے