ٹانک (کیو این این ورلڈ) فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ضلع ٹانک میں ایک پولیس چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 15 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں 12 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے ٹانک میں قائم پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے حملہ آوروں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ شدید مقابلے کے دوران جوانوں نے غیرمعمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے 12 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جب دہشتگرد شدید دباؤ کا شکار ہوئے تو انہوں نے بارود سے بھری ایک گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکے سے چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا اور متعدد اہلکار ملبے تلے دب گئے۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق اس دہشتگرد حملے اور دھماکے کے نتیجے میں وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہوئے۔ شہداء میں پاک فوج کے 12 جوان، دو پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری ملازم شامل ہے۔ شہداء کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ان عظیم قربانیوں نے وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے تمام سہولت کاروں اور عناصر کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا اور پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔