نامعلوم افراد نے مویشیوں کے احاطے کو آگ لگا دی، ٹریکٹر، مشینری اور مویشی متاثر

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) تھانہ صدر رینالہ خورد کی حدود میں نامعلوم افراد کی جانب سے زمیندار کے احاطہ مویشیاں کو آگ لگانے کے نتیجے میں ٹریکٹر، زرعی مشینری، مویشیوں اور دیگر سامان سمیت تقریباً 74 لاکھ روپے مالیت کا نقصان ہو گیا۔

پولیس کے مطابق بستی رحیم بخش کے رہائشی محمد یٰسین نے چک نمبر 18 ون ایل میں زمینداری کے سلسلے میں مال مویشیوں اور زرعی مشینری کے لیے ایک احاطہ اور سٹور تعمیر کر رکھا تھا۔ چند روز قبل نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر احاطہ مویشیاں اور اس سے ملحقہ عمارت کو آگ لگا دی۔

آگ لگنے کے باعث تقریباً 50 لاکھ روپے مالیت کا ٹریکٹر، زرعی مشینری اور دیگر قیمتی سامان جل کر خاکستر ہو گیا، جبکہ عمارت گرنے سے کئی مویشی ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔ متاثرہ زمیندار کے مطابق مجموعی نقصان 74 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

تھانہ صدر رینالہ خورد پولیس نے محمد یٰسین کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے