رینالہ خورد میں گیس اور بجلی کا دوہرا عذاب؛ خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی) رینالہ خورد شہر اور گردونواح میں سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث گھریلو خواتین کو کھانا بنانے اور دیگر امور نمٹانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گیس کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہری ہوٹلوں سے مہنگے داموں کھانا خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے رہی سہی کسر نکال دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق علاقہ مکینوں فیصل اعجاز، سلمان چوہدری، حافظ عمیر ذوالفقار، محمد ارشاد، شہباز جاوید اور رانا عثمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کے فرائضِ اولین میں شامل ہوتا ہے، لیکن یہاں صورتحال اس کے برعکس ہے۔ عوام پہلے ہی بھاری ٹیکسوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، اور اب ایک ہفتے سے جاری گیس کی لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن کر دی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور بچے بھوکے اسکول جانے پر مجبور ہیں۔ سوئی گیس کے ساتھ ساتھ بجلی کی آنکھ مچولی نے بھی کاروباری اور گھریلو زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ ہوٹل مالکان نے بھی گیس کی کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس سے غریب طبقے کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔

متاثرہ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رینالہ خورد میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ فوری طور پر کم کر کے فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش ذہنی اور معاشی اذیت سے نجات مل سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے