رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام” کے تحت رینالہ خورد کے لیے 7 ارب 30 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے میگا ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے منعقدہ پروقار تقریب میں رکن قومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ربیرہ، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤالدین اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے مشترکہ طور پر ان منصوبوں کا آغاز کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے چوہدری جاوید علاؤالدین نے کہا کہ پی ڈی پی پروگرام رینالہ خورد کی تاریخ بدل کر رکھ دے گا، ان منصوبوں میں فنڈز کی شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوامی خدمت کا سفر کامیابی سے جاری رہے۔ ایم این اے چوہدری ندیم عباس ربیرہ کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں یکساں ترقی مریم نواز کا وژن ہے، میگا سیوریج اسکیم سے شہر کی بڑھتی آبادی کے لیے نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے منصوبوں کی تکنیکی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 3808 ملین روپے سے شہر بھر میں 39 کلومیٹر طویل نئی سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی، جبکہ 895 ملین روپے کی لاگت سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر ہوگا جو گندے پانی کو ری سائیکل کر کے کارآمد بنائے گا۔ اس کے علاوہ 746 ملین روپے سے شہر کی گلیوں کے فرشوں کی مرمت اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب مکمل کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک اور سیوریج لائنز کی صفائی کے لیے جدید لیکوڈ ویسٹ مشینری بھی شامل ہے۔ شہر کے چار پبلک پارکس کی اپ گریڈیشن اور میونسپل مشینری کے لیے پارکنگ شیڈز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور رینالہ خورد کے لیے ان تاریخی منصوبوں پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔