رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی چوہدری) ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر منشیات فروش ملزم کو مجموعی طور پر 47 سال قید اور 18 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ جرمانہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق منشیات برآمدگی کے مقدمے میں ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد کی عدالت نے تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم محمد شاہد ولد محمد انور سکنہ پھول نگر کو مجموعی طور پر 47 سال قید اور 18 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق سزا یافتہ مجرم کے خلاف سال 2024 میں تھانہ سٹی رینالہ خورد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی تھی، جس میں 13 کلو چرس، 5 کلو افیون اور 1200 گرام آئس شامل تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مضبوط تفتیش، عدالت میں ٹھوس شواہد کی پیشی اور لیگل ٹیم کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں ملزم کو اس کے انجام تک پہنچایا گیا اور عدالت سے یہ سخت سزا دلوائی گئی۔
ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے مقدمے کی کامیاب پیروی پر لیگل ٹیم کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف قانونی کارروائیاں اسی طرح بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔