رینالہ خورد (سٹی رپورٹر) قومی شاہراہ پر کسان اڈہ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں خراب لوڈر رکشہ کو دھکا لگاتے ہوئے تیز رفتار ٹریلر نے زور دار ٹکر مار دی۔
حادثے کے نتیجے میں رکشہ میں سوار 19 سالہ خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ ایک دوسری خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ رکشہ میں موجود دیگر افراد حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے فوری ریسپانس دیتے ہوئے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور فوری طور پر ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال منتقل کر دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والی 19 سالہ دوشیزہ کی شناخت کومل دختر کاشف کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس اور انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش کو بھی ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔