رینالہ خورد: فنگس زدہ مربہ، اچار اور ناقص بیکری آئٹمز تلف، 10 لاکھ روپے جرمانہ

رینالہ خورد (سٹی رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو فوڈ پروڈکشن یونٹس سے ایک ہزار کلو غیر معیاری خوراک برآمد کرکے تلف کردی، جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر یونٹس مالکان کو مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ رینالہ خورد کے مدینہ ٹاؤن فیز 3 اور ویلکم روڈ پر قائم مربہ و اچار اور بیکری پروڈکشن یونٹس کا معائنہ کیا۔

انسپکشن کے دوران مربہ جات اور اچار میں بدبو اور فنگس پائی گئی، جبکہ مربہ جات کی سٹوریج کے لیے آلودہ اور کیمیکل زدہ ڈرم استعمال کیے جارہے تھے۔ پروڈکشن ایریا میں حشرات، گندگی اور صفائی کے ناقص انتظامات بھی سامنے آئے۔

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری مربہ جات، اچار اور ناقص بیکری آئٹمز سمیت مجموعی طور پر ایک ہزار کلو خوراک تلف کردی۔ صفائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر دونوں فوڈ بزنس مالکان کو 5، 5 لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ خوراک کے نام پر شہریوں کی صحت سے کھیلنے اور انہیں غیر معیاری اشیائے خورونوش فروخت کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے فوڈ بزنسز کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے