میہڑ (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار منظور علی جوئیہ) بھنڈ ماڑی پولیس تھانے کی حدود میں کچے کے علاقے میں زمین کے تنازع پر جتوئی اور عالمانی برادری کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، جس کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر جاں بحق ہوگیا۔
پولیس تھانے کی حدود کچے کے علاقے میں زمین کے تنازع پر دونوں گروپوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ فائرنگ کے دوران وہاں سے گزرنے والا راہگیر ظفر بھرٹ گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی، جبکہ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا۔ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
لاش جب گاؤں جام خان بھرٹ پہنچی تو گھر میں کہرام مچ گیا اور اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے۔ مقتول کے والد محمد حیات بھرٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا رائے راستے سے دوسری جانب رشتہ داروں کے گھر جا رہا تھا کہ فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
مقتول کے والد نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔