ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ / سٹی رپورٹر جواد اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کے تحت ڈیرہ غازی خان میں سموگ کی روک تھام اور شہریوں کو اس کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی ہدایات پر ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے سموگ کے تدارک کے لیے مختلف آگاہی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔ ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران کی نگرانی میں ورکرز مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ شہریوں کو صاف اور آلودگی سے پاک ماحول کی اہمیت اور سموگ سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کر رہے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق سموگ فضائی آلودگی کی خطرناک شکل ہے جو انسانی صحت کو متاثر کرسکتی ہے۔ سموگ کے باعث سانس لینے میں دشواری، کھانسی، گلے میں خراش، آنکھوں میں جلن اور پانی آنے سمیت الرجی اور دیگر مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، جبکہ دمہ اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد اس سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سموگ کی شدت کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور ضرورت کے تحت باہر جاتے وقت معیاری ماسک کا استعمال کریں۔ موٹر سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے افراد دھوئیں اور گردوغبار سے بچاؤ کے لیے خصوصی احتیاط کریں، جبکہ بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو سموگ کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نہ جانے دیا جائے۔
انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ، پلاسٹک اور دیگر مواد کو کھلے عام نہ جلایا جائے، کیونکہ اس سے فضائی آلودگی اور سموگ میں اضافہ ہوتا ہے۔ گاڑیوں کے دھوئیں سمیت آلودگی کے دیگر ذرائع کو کم کرنا بھی سموگ کے تدارک کے لیے ضروری ہے۔
ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ورکرز مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی اور زیرو ویسٹ پالیسی پر عملدرآمد کے لیے سرگرم ہیں، تاکہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کیا جاسکے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سموگ کی روک تھام حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ ہر شہری کی بھی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ شہری صفائی کا خیال رکھیں، کوڑا نہ جلائیں، غیر ضروری دھوئیں سے بچیں اور سموگ سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرکے صاف، صحت مند اور محفوظ پنجاب کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔