مون سون اقدامات؛ سیکرٹری ہاؤسنگ نے گجرات میں ڈی سلٹنگ کا جائزہ لیا

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر تیز رفتار عملدرآمد جاری ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے گجرات کا اہم دورہ کیا اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سمیت مون سون سے قبل جاری ڈی سلٹنگ (نالوں کی صفائی) کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔

دورے کے دوران ایم ڈی واسا گجرات کاشان حفیظ بٹ نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیشرفت اور شہر میں جاری ڈی سلٹنگ آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے بعد افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ تمام متعلقہ مشینری اور آلات فیلڈ میں چوبیس گھنٹے موجود اور مکمل طور پر فعال رکھے جائیں، جبکہ شہر بھر میں جتنے بھی مقامات پر کھدائی کی گئی ہے، ان تمام مقامات کو بروقت بھرنے اور سڑکوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کے عمل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید تاکید کی کہ مون سون کے دوران تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو ان کی مکمل استعداد کے ساتھ فعال رکھا جائے اور بارشوں کے پیشِ نظر تمام ڈسپوزل اسٹیشنز، مشینری اور فیلڈ عملہ ہر وقت ہائی الرٹ رہے تاکہ تیز بارشوں کے دوران بھی نکاسیٔ آب کے نظام میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق مون سون سے قبل تمام حفاظتی اور انتظامی اقدامات بروقت مکمل کرنا لازمی ہیں کیونکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کی زحمت سے بچانا اور بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

نورالامین مینگل نے متعلقہ افسران کو دوٹوک ہدایت کی کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام تر ترقیاتی منصوبے ہر صورت مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کڑی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام ڈرینز، نالوں اور سیوریج کے مجموعی نظام کی صفائی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے تاکہ برسات کے موسم میں شہریوں کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے