معصوم بچی سے زیادتی و قتل کا سفاک ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

ننکانہ صاحب(کرائم رپورٹر سلمان قیوم) چند دن قبل 4 سالہ معصوم بچی سے زیادتی اور اس کے بعد قتل کے لرزہ خیز کیس میں بڑا موڑ سامنے آیا ہے، جہاں سفاک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق واربرٹن پولیس نامزد ملزم کو جائے وقوعہ سے نشان دہی کروانے کے بعد واپس تھانے منتقل کر رہی تھی کہ اس دوران ملزم پولیس حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے پورے علاقے میں سخت ناکہ بندی کر دی۔

اس دوران ظفر کھوکھراں روڈ پر ناکہ بندی کے دوران پولیس نے تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جانب سے بھی دفاع میں جوابی فائرنگ کی گئی، تاہم فائرنگ کے اس شدید تبادلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی مفرور ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہی ڈھیر ہو گیا جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

بعد ازاں جب ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت کی گئی تو وہ قتل اور زنا بالجبر کے مقدمے کا نامزد مرکزی ملزم فیصل ولد اللہ دتا نکلا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرائم سین یونٹ اور پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی (PFSA) کی ٹیموں کو شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فوری طور پر موقع پر طلب کر لیا گیا، جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے