کوہاٹ کے نواحی پہاڑی گاؤں مالگین میں شدید بارش کے دوران ایک کچے مکان کی چھت گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے۔ پیر کے روز پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت مکان میں ایک تقریب جاری تھی جس کی وجہ سے وہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو اچانک ملبے تلے دب گئی۔ ملبے سے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر مختلف اسپتالوں منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
اس کے علاوہ اٹک میں بھی تیز بارش کے باعث دیوار گرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، جبکہ بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ملتان، ڈی جی خان اور مظفر گڑھ کے متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔
