پاکستان کی سفارتی کوششوں سے جنگ بندی برقرار، خطے میں امن کی امید: وزیراعظم

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں جنگ بندی ممکن ہوئی، جس میں بعد ازاں توسیع بھی کی گئی جو تاحال برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ 11 اپریل کو ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مذاکراتی عمل کا آغاز ہوا، جس میں 21 گھنٹے طویل نشست بھی ہوئی۔ ان کوششوں کے نتیجے میں سیزفائر ممکن ہوا اور فریقین نے اس میں توسیع پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور متعلقہ ٹیموں نے خلوص نیت سے کردار ادا کیا، جبکہ محسن نقوی کی کوششیں بھی قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کا دورہ کیا اور اہم مذاکرات ہوئے، بعد ازاں انہوں نے عمان اور روس کا بھی دورہ کیا۔

شہباز شریف کے مطابق حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے اور ایک ہفتے کا درآمدی بل 30 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاشی دباؤ کے باوجود صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ علی پرویز ملک کی قیادت میں ٹاسک فورس روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں سبسڈی کے تسلسل کے لیے صوبوں سے مشاورت جاری ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں ساڑھے 3 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے بھی واپس کیے ہیں اور سعودی عرب کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود حکومت کا عزم ہے کہ معاشی استحکام اور امن دونوں اہداف حاصل کیے جائیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں کشیدگی جلد ختم ہوگی اور پائیدار امن قائم ہوگا، جبکہ پاکستان اپنی امن کوششیں جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے