خیرپور سادات (کیو این این ورلڈ): ممبر صوبائی محتسب پنجاب ضلع مظفرگڑھ رانا منعم نے خیرپور سادات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری منعقد کی۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات براہِ راست صوبائی محتسب کے سامنے پیش کیں۔ اراضی تنازعات، مبینہ ناجائز قبضے اور محکمہ مال سے متعلق معاملات شکایات میں سرفہرست رہے۔
کھلی کچہری کے دوران اشتمالِ اراضی کے تحت آنے والے موضع خیرپور، موضع سلطان پور، موضع مراد پور جنوبی اور موضع لنگرواہ کے رہائشیوں نے اپنے مسائل تفصیل سے بیان کیے۔ شہریوں نے سرکاری و نجی اراضی پر مبینہ ناجائز قبضوں، انتقالات، فردات کے اجراء، حدبندی اور دیگر ریونیو معاملات میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ بعض اراضی تنازعات گزشتہ 40 برس سے حل طلب ہیں، جس کے باعث متعدد خاندان شدید مشکلات اور قانونی پیچیدگیوں کا شکار ہیں۔ متاثرین نے مطالبہ کیا کہ طویل عرصے سے التوا کا شکار مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ممبر صوبائی محتسب پنجاب رانا منعم نے شہریوں کی شکایات بغور سنیں اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام درخواستوں کا قانون اور میرٹ کے مطابق جائزہ لیا جائے اور جہاں ممکن ہو فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی اور سرکاری اداروں کی جوابدہی کو یقینی بنانا محتسب آفس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
کھلی کچہری میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے جنہوں نے موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری کارروائی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ شہریوں نے اپنے مسائل براہِ راست اعلیٰ حکام تک پہنچانے کے موقع کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی شکایات کے حل کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔