گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری): گھوٹکی کے نواحی علاقے قادرپور میں چپس اور پکوڑوں کی ریڑھی لگانے کے تنازع پر بھٹو برادری کے دو گروپوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا افسوسناک سانحے میں تبدیل ہو گیا، جہاں گرم تیل گرنے سے ایک کمسن بچی شدید زخمی ہو گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق قادرپور شہر میں چپس اور پکوڑوں کی ریڑھی لگانے کے معاملے پر بھٹو برادری کے دو گروپوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کے دوران ایک فریق سے تعلق رکھنے والے ملزم لطف بھٹو نے مبینہ طور پر غصے میں آ کر پکوڑے تلنے والی گرم تیل کی کڑاہی کو لات مار دی۔
کڑاہی الٹنے سے کھولتا ہوا تیل قریب موجود ریاض بھٹو کی کمسن بیٹی ثانیہ بھٹو پر جا گرا، جس کے نتیجے میں بچی بری طرح جھلس گئی۔ ذرائع کے مطابق گرم تیل لگنے سے بچی کا چہرہ، جسم کا اوپری حصہ اور ایک آنکھ شدید متاثر ہوئی، جبکہ اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے فوراً بعد اہل خانہ اور مقامی افراد نے زخمی بچی کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈاکٹروں نے حالت تشویشناک ہونے کے باعث مزید علاج کے لیے ریفر لیٹر جاری کرتے ہوئے ثانیہ بھٹو کو سکھر منتقل کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی قادرپور چوکی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ چوکی انچارج نثار گڈانی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ اے سیکشن گھوٹکی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور قانون کو ہاتھ میں لینے والے کسی شخص کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب واقعے کے بعد قادرپور اور گردونواح میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے کمسن بچی کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
