ریسکیو آپریشن کامیاب، شاہی کینال اور سندھو ڈھورو سے دو نوجوانوں کی لاشیں نکال لی گئیں

کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/وقار احمد اعوان): کندھ کوٹ میں دو مختلف مقامات پر پانی میں ڈوبنے والے نوجوانوں کی لاشیں طویل ریسکیو آپریشن کے بعد برآمد کر لی گئیں۔ دونوں واقعات میں ڈپٹی کمشنر کشمور@کندھ کوٹ آغا شیر زمان کی ہدایت پر ریسکیو 1122، پاکستان نیوی، متعلقہ اداروں اور مقامی افراد نے مشترکہ طور پر سرچ اور ریسکیو کارروائیاں انجام دیں۔

پہلے واقعے میں شاہی کینال میں ڈوبنے والے نوجوان نجیب اللہ ولد محمد صلاح کی لاش مسلسل جاری ریسکیو آپریشن کے دوران برآمد کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان کی ہدایت اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون مسرور احمد بجارانی کی نگرانی میں پاکستان نیوی کے تربیت یافتہ غوطہ خوروں، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں نے جدید آلات کی مدد سے شاہی کینال کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں نوجوان کی لاش پانی سے نکال لی گئی۔

دوسرے واقعے میں کندھ کوٹ کے قبراںی لارو کے علاقے میں چمنی کے قریب واقع سندھو ڈھورو فش فارم کی کراسنگ کے دوران پانی میں ڈوبنے والے اسداللہ ولد ڈاکٹر پیر بخش کی لاش بھی کئی گھنٹوں پر محیط ریسکیو آپریشن کے بعد برآمد کر لی گئی۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے جدید آلات کی مدد سے سرچ آپریشن کرتے ہوئے لاش کو پانی سے نکالا اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں
کندھ کوٹ:شاہی واہ حادثہ، نوجوان کا سراغ نہ مل سکا، سرچ آپریشن پانچویں روز میں داخل

ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان نے دونوں ریسکیو آپریشنز میں حصہ لینے والی ٹیموں، بالخصوص پاکستان نیوی کے غوطہ خوروں، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیموں نے پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے جاں بحق نوجوانوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔

دونوں افسوسناک واقعات کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ شہریوں نے آبی گزرگاہوں اور نہروں کے اطراف حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے