ٹھٹہ میں منشیات اور گٹکا فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 144 پوا وسکی، بیئر اور گٹکا مٹیریل برآمد

ٹھٹہ (کیو این این ورلڈ/ بلاول سموں) پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران دو منشیات فروشوں اور دو گٹکا مٹیریل فروشوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں شراب، بیئر، گٹکا ماوا اور تمباکو پتی برآمد کرلی۔ کارروائیوں کے دوران ایک موٹر سائیکل اور ایک آلٹو کار بھی قبضے میں لی گئی، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ گھارو سب انسپکٹر فدا خاصخیلی نے پولیس اسٹاف کے ہمراہ تھانہ گھارو کی حدود میں گھارو تا پمپ ہاؤس لنک روڈ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ہنڈا 125 موٹر سائیکل پر وسکی سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس نے موقع سے دو ملزمان فراز ولد کریم بخش خاصخیلی اور شہباز ولد محمد ملاح کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 144 پوا وسکی، 20 ٹین بیئر اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

دوسری کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ دھابیجی سب انسپکٹر دین محمد لغاری نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو گٹکا مٹیریل فروشوں صدام حسین ولد ہارون جاکھرو اور مسماۃ سمیرا بنت عبدالکریم خاصخیلی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 5 کلو گٹکا مٹیریل، 62 ساشے تمباکو پتی اور 170 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد کیا گیا۔

ادھر ایس ایچ او تھانہ جھِرک انسپکٹر فیض علی شاہ نے پولیس اسٹاف کے ہمراہ جھمپیر لنک روڈ چوک پر ایک آلٹو کار نمبر AAKQ-414 کا تعاقب کرکے اسے قبضے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق کار سے 50 ساشے تمباکو پتی اور 100 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد ہوئے، تاہم کار میں سوار ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ ممنوعہ اشیا کے حوالے سے متعلقہ تھانوں میں گٹکا ایکٹ اور منشیات آرڈیننس کے تحت الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے