اوکاڑہ پولیس کا یومِ شہداء، 42 شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام

اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر): یومِ شہداء پولیس کے موقع پر اوکاڑہ پولیس کے زیرِ اہتمام جناح پارک کے سامنے شمعیں روشن کرنے کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اوکاڑہ پولیس کے 42 شہداء کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ، شہداء کے اہلِ خانہ، تاجر برادری، صحافیوں، سول سوسائٹی اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ ملک محمد اکرام نے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ اس موقع پر شہداء کے بچوں نے بھی اپنے عظیم والدین کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شمعیں روشن کیں، جس سے تقریب کا ماحول انتہائی جذباتی اور پُروقار بن گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا عظیم سرمایہ ہیں۔ وطن عزیز کے امن، سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ پولیس اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہداء اپنے لہو سے تاریخ رقم کرتے ہیں اور ان کی بے مثال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، عزم اور وطن سے محبت کی روشن مثال ہیں۔

تقریب میں موجود شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، وطنِ عزیز کی سلامتی، امن و استحکام اور پولیس فورس کی کامیابی و سربلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے