اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی و صوبائی اداروں کے حکام، پاک فوج کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف قومی و عوامی مفاد کے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ اداروں نے اپنی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے عوامی سہولت کے پیشِ نظر تمام اداروں کو باہمی رابطے اور مؤثر ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی پٹرول پمپس، ایل پی جی شاپس اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایل پی جی گیس کی اوورچارجنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں، جبکہ غیر قانونی سگریٹ کی فروخت روکنے کے لیے بھی آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام مدارس کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے اور اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کو منظم اور بروقت طریقے سے نمٹایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرکاری ادارے عوام میں حب الوطنی، مثبت سوچ اور قانون کی پاسداری کے فروغ کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کریں۔
احمد عثمان جاوید نے کہا کہ عطائیت کے خاتمے سے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکتا ہے، لہٰذا محکمہ صحت عوامی شکایات کی بنیاد پر عطائیوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرے۔ انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو بھی ہدایت کی کہ ناقص، غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیائے خور و نوش کی تیاری اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔