اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک اور رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہسپتال میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، علاج معالجے کے انتظامات اور مختلف پروگراموں کے تحت مختص فنڈز کے استعمال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز چوہدری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر اریج حیدر گوندل اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سلمان قائم خانی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں مریضوں کے علاج معالجے، سی ایم ڈائلسز پروگرام کے تحت فنڈز کے استعمال اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک اور ایم پی اے میاں محمد منیر نے ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج معالجے اور ادویات کی خریداری کے لیے مختص فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سی ایم ڈائلسز پروگرام کے تحت مستحق مریضوں کو بلا تعطل علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
اجلاس میں فلاح عامہ کے پیش نظر ڈائلسز کے اضافی مریضوں کی سہولت کے لیے نئی ڈائلسز مشین خریدنے کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق مریضوں کو علاج کی سہولت میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ مریضوں کی فلاح و بہبود، بہتر علاج اور سرکاری فنڈز کے شفاف استعمال کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ایم پی اے میاں محمد منیر نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال میں مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کے لیے محنت اور ذمہ داری سے کام کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی ایم ڈائلسز پروگرام کے تحت دستیاب فنڈز کو مریضوں کے علاج کے لیے بروئے کار لاتے ہوئے سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ تمام اقدامات کا بنیادی مقصد مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا اور ان کی خدمت ہونا چاہیے۔