تھانہ اے اور بی ڈویژن میں انتظامی امور اور پولیس کارکردگی کا جائزہ، نامکمل چالان بروقت عدالتوں میں جمع کرانے کا حکم

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے سٹی سرکل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانہ اے ڈویژن اور تھانہ بی ڈویژن میں انتظامی امور، پولیس کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈی پی او نے فرنٹ ڈیسک، کیومیٹک مشین، تھانہ ریکارڈ، حوالات، عمارت اور سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر تھانوں کی صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور بھی چیک کیے گئے۔

بعد ازاں ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیر صدارت سٹی سرکل کے نامکمل چالانوں اور زیرِ التواء مقدمات کی مثلوں کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ افسران سے مقدمات کی پیش رفت اور زیرِ التواء فائلز کی صورتحال پر بریفنگ لی گئی۔

ڈی پی او نے تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ تمام زیرِ التواء کیس فائلز جلد از جلد مکمل کی جائیں اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چالان بروقت عدالتوں میں جمع کروائے جائیں، تاکہ مقدمات کی مؤثر پیروی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس موقع پر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا کہ تھانوں کے دوروں کا بنیادی مقصد پولیس کی کارکردگی، انتظامی امور اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔ پولیس افسران اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، فرض شناسی اور عوام دوست رویے کے ساتھ ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے