اوکاڑہ میں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر متعدد گاڑیوں کو جرمانے، روٹ پرمٹ معطلی کا فیصلہ

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر مسافروں کو سفری کرایوں میں ریلیف فراہم کرنے اور سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ڈی آر ٹی اے) اقصیٰ ریاض نے شہر کے مختلف جنرل بس اسٹینڈز اور نجی ٹرانسپورٹ اڈوں کا اچانک طوفانی دورہ کیا۔ انہوں نے بسوں اور ویگنوں میں جا کر مسافروں سے براہِ راست بات چیت کی اور ان سے وصول کیے جانے والے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا، جبکہ گاڑیوں میں آفیشل کرایہ ناموں کی موجودگی، اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔

ذرائع کے مطابق دورانِ چیکنگ مقررہ شرح سے زائد کرایہ وصول کرنے پر متعدد گاڑیوں کے مالکان کو موقع پر بھاری جرمانے کیے گئے اور انہیں اوور چارجنگ اور اوور لوڈنگ سے باز رہنے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں۔ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کے دنوں میں عوام کو سستا، آرام دہ اور محفوظ سفر فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں وارننگ دی کہ کسی بھی ٹرانسپورٹر کو عید کی آڑ میں مسافروں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے یا تیز رفتاری اور اوور لوڈنگ کے ذریعے ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور مقررہ سرکاری کرایہ ناموں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ اوور لوڈنگ کرنے اور گاڑیوں کی چھتوں پر مسافر بٹھانے والوں کے خلاف اب زیرو ٹولرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے، ایسی قانون شکن گاڑیوں کو نہ صرف بھاری جرمانے کیے جائیں گے بلکہ ان کے روٹ پرمٹ بھی فوری طور پر معطل کر دیے جائیں گے۔ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے تمام بس اڈہ مالکان اور انتظامیہ کو سخت ہدایت کی کہ وہ مسافروں کی سہولت کے لیے منظور شدہ کرایہ نامے اڈوں پر نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں تاکہ مسافر کسی بھی لوٹ مار سے محفوظ رہ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے