انٹیلیجنس اطلاع پر گودام پر چھاپہ، 42 کارٹن غیر قانونی سگریٹ ضبط

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)اوکاڑہ میں ضلعی انتظامیہ نے نان کسٹم اور نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے غیر قانونی سگریٹ برآمد کر لیے۔ کارروائی انٹیلیجنس اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کی گئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ اداروں کے ہمراہ المدینہ ٹریڈرز کے گودام اور رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، جہاں سے نان کسٹم اور نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹ کے 42 کارٹن برآمد ہوئے۔ برآمد شدہ سگریٹ کی مالیت 20 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

حکام نے برآمد شدہ سامان اپنی تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات بھی جاری ہیں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ تحصیل بھر میں غیر قانونی کاروبار، ٹیکس چوری اور اسمگل شدہ اشیاء کی خرید و فروخت کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے اور کسی کو بھی غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق محصولات کے تحفظ اور غیر قانونی تجارت کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے