اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں پولیس فورس کے ایک کانسٹیبل کی جانب سے 12 سالہ معصوم بچی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ رپورٹ ہوا ہے۔ تھانہ راوی کی حدود میں واقع موضع جویا میں پیش آنے والے اس لرزہ خیز واقعے پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں محکمہ پولیس کے ہی ایک کانسٹیبل مقاصف کو نامزد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ مقدمہ متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ معصوم بچی گھر کے قریبی دکان سے کچھ سامان لینے گئی تھی کہ وہاں پہلے سے موجود ملزم کانسٹیبل نے اسے زبردستی دکان کے اندر کھینچ لیا اور دروازہ بند کر کے اسے اپنی درندگی کا نشانہ بنا ڈالا۔
واقعے کے فوری بعد ملزم کانسٹیبل موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے بھائی کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ واقعے کی تمام تر پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور فرانزک و دیگر شواہد کی روشنی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ اسے قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دلائی جا سکے۔