اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر): ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اکرام ملک کی ہدایت پر سرکاری سکولوں میں طلبہ کو بہتر، محفوظ اور پرکشش تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ سی ای او ایجوکیشن اوکاڑہ محترمہ شازیہ بانو کی زیر نگرانی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اوکاڑہ خالد وحید کی مانیٹرنگ میں تحصیل اوکاڑہ کے مختلف سرکاری سکولوں میں صفائی ستھرائی، وائٹ واش اور سکولوں کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں مختلف سرکاری سکولوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے، عمارتوں کی تزئین و آرائش اور طلبہ کے لیے خوشگوار ماحول فراہم کرنے کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں کو بہتر بنانا اور بچوں کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ یکسوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کر سکیں اور ان کی مثبت تربیت کو فروغ ملے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خالد وحید مجھیانہ نے کہا کہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے احکامات کی روشنی میں سکولوں کی خوبصورتی، صفائی اور بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کی تعلیم کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔
انہوں نے سرکاری سکولوں کے تمام اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی تعلیم و تربیت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں اور اپنی حاضری یقینی بنائیں، تاکہ تدریسی عمل باقاعدگی سے جاری رہے اور بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تعلیمی حکام کے مطابق سرکاری سکولوں میں بہتری کے لیے جاری اقدامات اس عزم کا اظہار ہیں کہ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم، صاف ستھرا ماحول اور طلبہ کی مثبت تربیت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔