خیبر (کیو این این ورلڈ/نورحلیم آفریدی): جنگلات کے تحفظ، آتش زدگی کی بروقت اطلاع اور فوری کارروائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے محکمہ جنگلات خیبر کی جانب سے اپر باڑہ سندانہ کے مقام پر فائر واچ ٹاور اور زیتون کی قلم کاری کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ جنگلات کے افسران، خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندوں، قومی مشران، متعلقہ کنٹریکٹر اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر زاہد محمد، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر اعجاز خان، سی ڈی او آفتاب خان، کوآرڈینیٹر خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی قاضی فرمان اور قومی مشران حاجی میراث خان اور حاجی سید لال خان سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر زاہد محمد نے محکمہ جنگلات کے ساتھ قوم سپاہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ فائر واچ ٹاور کی تعمیر کا بنیادی مقصد قدرتی جنگلات میں آگ لگنے کی صورت میں فوری اطلاع حاصل کرنا اور آگ پر قابو پانے کے لیے بروقت اقدامات کرنا ہے۔ اس نظام سے جنگلات کو آتش زدگی سے پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام میں بھی فائر واچ ٹاور اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی جنگلات کا تحفظ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے جنگلات کو آگ اور غیر قانونی کٹائی سے محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مقامی آبادی کا تعاون بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر زاہد محمد نے مزید بتایا کہ دریا تیراہ کے کناروں پر بانس کے پودے لگائے جائیں گے، جبکہ مختلف مقامات پر کاٹے گئے درختوں کی جگہ متبادل پودے لگانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔ ان اقدامات سے نہ صرف درختوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی لوگوں کو ذاتی استعمال کے لیے لکڑی اور دیگر ضروریات پوری کرنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ ان کے مطابق بانس اور دیگر پودوں کی کاشت سے آمدن کے نئے ذرائع پیدا کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

زیتون کی قلم کاری کے افتتاح کے موقع پر زاہد محمد نے کہا کہ رواں سال 40 ہزار زیتون کے پودوں کی قلم کاری کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد زیتون کی پیداوار میں اضافہ اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے میں زیتون کی کاشت کو فروغ ملے گا اور مقامی آبادی کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ زیتون کی پیداوار سے متعلق سہولتوں کی فراہمی کے ذریعے لوگوں کو خالص پیداوار حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی قاضی فرمان اور قومی مشران نے محکمہ جنگلات خیبر کی جانب سے اپر باڑہ میں جنگلات کے تحفظ، زیتون کی قلم کاری، بانس کی کاشت اور پھل دار پودوں کی تقسیم کے اقدامات کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے علاقے میں شجرکاری کے فروغ، قدرتی وسائل کے تحفظ اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ قومی مشران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم سپاہ کی جانب سے جنگلات کے تحفظ اور محکمہ جنگلات کے منصوبوں کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

تقریب کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ فائر واچ ٹاور کے قیام اور شجرکاری کے اقدامات سے اپر باڑہ کے قدرتی ماحول کے تحفظ، جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کی روک تھام اور مقامی آبادی کی معاشی بہتری میں مدد ملے گی۔