اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے گرین بیلٹس کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی احمد سلیم چشتی کی زیر نگرانی میونسپل کمیٹی کی ٹیمیں ایم اے جناح روڈ پر گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے پوری طرح متحرک ہیں۔ شہریوں کو صحت مند اور دلکش ماحول فراہم کرنے کے لیے گرین بیلٹس میں نئے پودے لگانے، گھاس کی کٹائی اور صفائی ستھرائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی احمد سلیم چشتی نے واضح کیا ہے کہ شہر کی خوبصورتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کام کی کوالٹی برقرار رکھنے کے لیے اس تمام آپریشن کی خود نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کمیٹی عوام کو بہترین بلدیاتی خدمات اور سرسبز و شاداب ماحول کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔