گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ /بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں 4 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ 3 ریکارڈ یافتہ ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے ان واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر شہر بھر میں ناکہ بندی کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلا مقابلہ تھانہ گرجاکھ کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب پولیس حراست میں موجود راہزنی اور قتل کے مقدمے میں ملوث ملزم کاشف عرف منا کو آلہ قتل کی برآمدگی کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔ اس دوران اس کے 3 مسلح ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر کے اسے چھڑانے کی کوشش کی، تاہم ملزم کاشف اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ دوسرا مقابلہ تھانہ سٹی کامونکی کے علاقے میں ہوا جہاں ناکہ بندی کے دوران 3 نامعلوم مسلح افراد نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں مطلوب ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ملزم ‘عاشق’ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا، جس کے قبضے سے 30 بور پسٹل برآمد ہوا ہے۔
تیسرا مقابلہ تھانہ کوٹ لدھا کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس کی حراست سے فائرنگ کر کے چھڑائے گئے راہزنی اور چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث 2 ریکارڈ یافتہ ملزمان علی ارسلان اور علی حسن اپنے 4 ساتھیوں کے ہمراہ ناکہ توڑ کر فرار ہو رہے تھے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ناجائز اسلحہ اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی، جبکہ ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ چوتھے واقعے میں تھانہ اروپ پولیس کا اقدامِ قتل اور خواتین سے نازیبا حرکات کے مقدمے میں ریمانڈ پر موجود ملزم عمیر آلہ ضرر کی برآمدگی کے دوران پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش میں گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان ضلعی پولیس کے مطابق سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے واضح کیا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی ہر حال میں ناگزیر ہے۔