اوکاڑہ پولیس کی بڑی کامیابی، ای گیجٹ ایپ کے ذریعے لاکھوں کے موبائل برآمد

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈسٹرکٹ پولیس اوکاڑہ نے ماہِ اپریل کے دوران جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے 27 لاکھ 75 ہزار روپے مالیت کے 84 قیمتی موبائل فونز برآمد کر لیے۔ اس سلسلے میں کمیونٹی لائنزون سینٹر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں برآمد شدہ موبائل فونز اصل مالکان کے حوالے کیے گئے۔

ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ کی نگرانی میں ہونے والی اس کارروائی میں آئی ٹی ٹیم اور ای گیجٹ ایپ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈی ایس پی لیگل نے انچارج آئی ٹی سعد مصطفی اور ان کی ٹیم کو بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور شہریوں کے مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

تقریب کے دوران اپنے قیمتی موبائل فونز واپس پانے والے شہریوں نے اوکاڑہ پولیس کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی اور جدید ذرائع کا استعمال قابلِ تحسین ہے، جس کی بدولت انہیں ان کی گمشدہ اور چوری شدہ املاک واپس مل سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے