گھوٹکی پولیس کی بڑی کارروائی، اشتہاری اغوا کار یار محمد شر اسلحہ سمیت دھر لیا گیا

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) وفاقی سول انٹیلیجنس ایجنسی کی خفیہ اطلاع پر تھانہ اوباڑو پولیس نے لنک روڈ ریتی کے قریب مسلح ملزمان کے ساتھ مقابلے کے بعد ایک خطرناک ہنی ٹریپر اور اغوا کار مجرم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس پارٹی جب موقع پر پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزم یار محمد ولد محراب شر زخمی ہو کر گر پڑا، جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزم ہنی ٹریپ گینگ کا مرکزی سرغنہ ہے جو سوشل میڈیا پر سستی گاڑیوں اور ٹریکٹروں کے جعلی اشتہارات کے ذریعے سادہ لوح شہریوں کو ورغلا کر کچے کے علاقے میں بلاتا تھا۔ ملزم اغوا کیے گئے افراد پر بہیمانہ تشدد کر کے ان سے بھاری تاوان وصول کرتا تھا۔ اس کے علاوہ گرفتار ڈاکو چوری، رہزنی اور پولیس مقابلوں جیسی سنگین وارداتوں میں بھی مطلوب تھا، جس کے قبضے سے ایک پسٹل برآمد کر کے اسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے گرفتار اور فرار ملزمان کے خلاف اقدامِ قتل اور سندھ آرمز ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں جبکہ فرار ملزمان کی تلاش میں علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کے لیے شاباشی کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے