نئی دہلی برکس اجلاس: غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ، تاہم رکن ممالک میں اتفاقِ رائے کی کمی

نئی دہلی (کیو این این ورلڈ) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ برکس وزرائے خارجہ اجلاس کسی مشترکہ اعلامیے کے بغیر ختم ہو گیا، جس کے بعد بھارت نے مشترکہ اعلامیے کے بجائے ‘چیئر اسٹیٹمنٹ’ جاری کر دی۔ اعلامیے میں اعتراف کیا گیا کہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر رکن ممالک کے درمیان واضح اختلافِ رائے پایا گیا، جس کی وجہ سے متفقہ دستاویز پر دستخط ممکن نہ ہو سکے۔

چیئر اسٹیٹمنٹ کے مطابق برکس ممالک نے غزہ میں فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کے ساتھ ساتھ انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی پر زور دیا ہے۔ رکن ممالک نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر عائد کی جانے والی یکطرفہ پابندیوں اور جبر پر مبنی اقدامات کی سخت مذمت کی، جبکہ بحیرہ احمر اور باب المندب میں جہاز رانی کی آزادی کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

اجلاس کے دوران عالمی تجارتی تنظیم (WTO) کے قواعد کے برعکس لگائے جانے والے یکطرفہ ٹیرف اور غیر ٹیرف اقدامات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ برکس کے پلیٹ فارم پر اس قسم کا اختلافِ رائے تنظیم کے مستقبل کے فیصلوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے، تاہم غزہ کے معاملے پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اکثریت نے ایک ہی موقف اپنایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے