ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیرِ صدارت جرائم جائزہ اجلاس، جرائم کی روک تھام، مؤثر پولیسنگ اور عوامی خدمت بہتر بنانے کے لیے اہم ہدایات جاری

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیرِ صدارت جرائم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی انویسٹیگیشن حافظ خضر زمان سمیت ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، زیرِ تفتیش مقدمات اور پولیس کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے افسران کو انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایات سے آگاہ کرتے ہوئے جرائم پر قابو پانے اور پولیس ورکنگ میں مزید بہتری لانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم کی مؤثر روک تھام پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔

ڈی پی او نے سرقہ مویشی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی، جبکہ مسروقہ موٹر سائیکلوں کی برآمدگی میں نمایاں بہتری لانے کے لیے متعلقہ افسران کو 10 روز کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ مال کی برآمدگی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے واضح کیا کہ ریپ اور بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے مقدمات کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کی جائے۔ انہوں نے مغویان کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے اور جدید ٹیکنالوجی و پیشہ ورانہ مہارت سے استفادہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ڈی پی او اوکاڑہ نے پولیس افسران و اہلکاروں کو کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی، فرائض میں غفلت، سستی یا شہریوں سے نامناسب رویے پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ، مقدمات کی میرٹ پر تفتیش اور پولیس سروسز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مؤثر پولیسنگ، جرائم کی روک تھام اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی اوکاڑہ پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے