ننکانہ صاحب: فول پروف سیکیورٹی اقدامات سے یوم عاشور پُرامن، انتظامیہ کا شکریہ

ننکانہ صاحب (سید محمد عبداللہ مجاہد نامہ نگار کیو این این ورلڈ) ضلع بھر میں یوم عاشور کے تمام مرکزی جلوس پُرامن طور پر اختتام پذیر ہو گئے۔ ضلعی پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے فول پروف سیکیورٹی اقدامات کے باعث یوم عاشور کا پرامن انعقاد ممکن بنایا گیا۔

ڈی پی او ننکانہ صاحب ارسلان زاہد اور ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ نے خود جلوسوں کے روٹس کے تفصیلی دورے کیے۔ انہوں نے فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی اور بلدیاتی سمیت دیگر تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔

مرکزی جلوسوں کی نگرانی سیف سٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں اور فیلڈ افسران کے ذریعے مسلسل یقینی بنائی گئی۔ جلوسوں کے روایتی راستوں پر اختتام تک ضلعی پولیس، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کا عملہ مکمل طور پر متحرک اور الرٹ رہا۔

انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فقہ انجمن جعفریہ کے عہدیداران نے مثالی سیکیورٹی اور بہترین سہولیات کی فراہمی پر ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او ارسلان زاہد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عشرہ محرم کے پُرامن انعقاد میں ممبران امن کمیٹی، علماء کرام اور شہریوں کا کردار قابلِ ستائش رہا ہے۔ انہوں نے عشرہ محرم میں دن رات فرائض سرانجام دینے والے پولیس افسران اور جوانوں کو بہترین کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ باہمی ہم آہنگی، برداشت اور مؤثر سیکیورٹی حکمتِ عملی کی بدولت ضلع بھر میں امن و امان برقرار رہا۔ انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر بہترین تعاون فراہم کرنے پر شہریوں، جلوسوں کے منتظمین اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے