گھوٹکی: محرم الحرام کے سیکیورٹی و انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گذشتہ روز ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی اور ایس ایس پی محمد انور کھیتران نے ضلع کے مختلف علاقوں، خصوصاً میرپور ماتھیلو اور اوباڑو کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس، سیکیورٹی اور دیگر انتظامی انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

ڈپٹی کمشنر منظور احمد کنرانی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ریسکیو 1122 اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو مکمل طور پر الرٹ رکھا گیا تھا، جبکہ ضلع کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیوں کے عملے اور دیگر متعلقہ اداروں نے تندہی سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال تسلی بخش رہی اور کسی بھی علاقے سے کسی ناخوشگوار واقعے یا کسی قسم کی شکایت کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ایس ایس پی محمد انور کھیتران نے سیکیورٹی کے حوالے سے بتایا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے تحفظ کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے گئے تھے۔ امن و امان قائم رکھنے کے لیے ضلع بھر کے تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلع کے مختلف حساس اور اہم مقامات پر تین ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیے۔ پولیس کی بھرپور کوشش رہی کہ جلوسوں اور مجالس میں شریک عزاداروں کو کسی بھی مقام پر دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہوں نے پرامن ماحول میں اپنے مذہبی فرائض ادا کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے