آزاد کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں ن لیگ 9، پیپلز پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب

مظفرآباد (کیو این این ورلڈ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا کر شام 6 بجے تک کیا گیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔

ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان متعدد حلقوں میں سخت مقابلہ جاری ہے، جبکہ بعض حلقوں میں استحکام پاکستان پارٹی اور آزاد امیدوار بھی نمایاں پوزیشن میں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں ووٹر ٹرن آؤٹ نسبتاً کم رہا۔

انتخابی عمل کے دوران کوٹلی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو پریذائیڈنگ افسران کو گرفتار کر کے معطل کر دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں افسران پولنگ اسٹیشن پر پہنچنے کے بجائے نجی رہائش گاہ پر موجود تھے، جس پر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

دوسری جانب حلقہ ایل اے-9 نکیال میں پولنگ کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کے کارکن مختار یونس جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی گئی جبکہ متعلقہ اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پیپلز پارٹی نے واقعے کا ذمہ دار مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مظفرآباد پہنچ گئے اور جاں بحق کارکن کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ادھر نائب صدر پیپلز پارٹی شیری رحمان نے ایل اے-8 کوٹلی ون کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی پر انتخابی بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کیے ہیں۔

ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے-1 میرپور میں مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق، ایل اے-3 میں چوہدری محمد سعید، ایل اے-5 بھمبر میں وقار احمد نور، ایل اے-7 میں چوہدری طارق فاروق، ایل اے-9 میں عمیر نعیم، ایل اے-10 میں فتح محمود الحسن اور ایل اے-13 میں راجہ ایاز احمد خان برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ جبکہ ایل اے-2 میرپور، ایل اے-8 کوٹلی ون اور ایل اے-11 کوٹلی فور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ابتدائی نتائج میں آگے ہیں۔ ایل اے-6 بھمبر ٹو میں استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری نمایاں برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔

میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ تھے جبکہ انتخابی عمل کے لیے 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ نے انتخابی عمل کو شفاف، آزاد اور پرامن بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی بے ضابطگی یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے