لاہور(کیو این این ورلڈ) ملک میں محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد یکم محرم الحرام 17 جون بروز بدھ کو ہوگی اور یومِ عاشور 26 جون بروز جمعہ کو منایا جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت لاہور میں منعقد ہوا، جس میں علمائے کرام اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔ کمیٹی نے ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا اور اتفاق رائے سے اعلان کیا کہ کہیں بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
اس موقع پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے ملکی قیادت اور افواجِ پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی قیادت اور فیلڈ مارشل پر ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی قیادت کی شبانہ روز محنت رنگ لائی ہے اور امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت تمام قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ مولانا عبد الخبیر آزاد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ہم اپنی افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔