لاہور (کیو این این ورلڈ) سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیو جی کے شہیدی دن (جوڑ میلہ) کی سالانہ تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ واہگہ بارڈر پر صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے واہگہ امیگریشن ٹرمینل پر یاتریوں کا شاندار استقبال کیا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس مرتبہ 600 سے زائد بھارتی سکھ یاتری جوڑ میلہ کی تقریبات کے لیے پاکستان پہنچے ہیں۔ ان اہم وفود میں دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھا لیڈر سردار پرمجیت سنگھ چنڈوک اور شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار پرمجیت سنگھ اپنے اپنے جتھوں کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق واہگہ بارڈر پر سکھ یاتریوں کی آمد کے موقع پر لنگر، مفت طبی امداد، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے خصوصی اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ تمام بھارتی سکھ یاتری پاکستان میں کل 10 روز تک قیام کریں گے۔
واہگہ بارڈر پر ضروری کاغذی کارروائی کے بعد تمام یاتریوں کو سخت سکیورٹی میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں وہ اپنی بنیادی مذہبی رسومات کا آغاز کریں گے۔
شیڈول کے مطابق شہیدی دن گورو ارجن دیو جی کی مرکزی تقریب 16 جون کو گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہوگی، جس میں دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری شرکت کریں گے۔ اپنے اس 10 روزہ دورے کے دوران بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کے علاوہ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال اور گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور سمیت دیگر مقدس مقامات کی زیارت بھی کریں گے۔