باشعور عوام نے انتشار کا پروپیگنڈا ناکام بنا دیا؛ مظفرآباد، کوٹلی اور دھیرکوٹ میں بازار کھل گئے

مظفر آباد (کیو این این ورلڈ) آزاد کشمیر کے غیور اور باشعور عوام نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی احتجاجی اور ہڑتال کی کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، جس کے بعد ریاست بھر میں معمولاتِ زندگی روایتی انداز میں رواں دواں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد، کوٹلی اور دھیرکوٹ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں کے عوام نے احتجاج کا حصہ بننے سے صاف انکار کر دیا ہے۔ دارالحکومت مظفرآباد میں تمام تعلیمی، کاروباری اور سماجی سرگرمیاں حسبِ معمول جاری ہیں اور کسی بھی قسم کا تعطل دیکھنے میں نہیں آیا۔

آزاد کشمیر کے دیگر شہروں کی طرح مظفر آباد میں بھی بڑے کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور بازار کھلے ہیں جہاں خریداروں کا رش نظر آ رہا ہے۔ اس کے علاوہ کوٹلی اور دھیرکوٹ میں بھی بازاروں میں گہما گہمی ہے اور سڑکوں پر پبلک و پرائیویٹ ٹریفک کی روانی پوری طرح بحال ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے امن پسند عوام نے ہڑتال کا بائیکاٹ کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ خطے میں صرف امن، آئینی استحکام اور معاشی ترقی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عوام نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے انتشار، ہنگامہ آرائی اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے پرامن ماحول کو ترجیح دیتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے