سانگھڑ (کیو این این ورلڈ) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے ضلع سانگھڑ سے تیل و گیس کا ایک نیا اور بڑا ذخیرہ دریافت کر لیا ہے۔ ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق یہ کامیابی بوبی ڈیپ ون کنویں کی کھدائی کے دوران حاصل ہوئی، جہاں سے ابتدائی طور پر یومیہ 2 ہزار بیرل خام تیل اور 1.1 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔
ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس نئی دریافت کے بعد علاقے میں ہائیڈرو کاربن کی مزید تلاش کے امکانات انتہائی روشن ہو گئے ہیں، جبکہ اس سے ملکی سطح پر تیل و گیس کی مجموعی پیداوار اور ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس اہم کامیابی سے جہاں ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، وہی مہنگے درآمدی ایندھن پر پاکستان کا انحصار بھی کم ہوگا۔
او جی ڈی سی ایل حکام کا مزید کہنا ہے کہ مقامی سطح پر تیل و گیس کی اس پیداوار سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا اور ملکی امپورٹ بل میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی، جس سے ملکی معیشت کو بھی مضبوط سہارا ملے گا۔