گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کے مجوزہ روٹس، فزیبلٹی اور انفراسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس منصوبے کو گوجرانوالہ کی تعمیر و ترقی میں ایک بڑا سنگِ میل قرار دیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو جدید، محفوظ اور معیاری ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تمام کاموں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرنے کی سخت تاکید کی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر و سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ریٹائرڈ) زاہد سعید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کی تکمیل کا حتمی ہدف دسمبر 2026 مقرر کیا گیا ہے۔ کمشنر محمد علی نے منصوبے کی بروقت اور شفاف تکمیل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ایک مربوط اور منظم حکمتِ عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ تعمیراتی مراحل میں کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی کا گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس جدید ٹرانزٹ سسٹم کے فعال ہونے سے شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ میں واضح کمی آئے گی اور شہریوں کا سفر انتہائی آسان اور آرام دہ ہو جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گوجرانوالہ میں بھی دنیا کے دیگر ترقی یافتہ شہروں جیسا جدید اور خودکار ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جو مقامی معیشت اور عوامی سہولت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔