راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے بہادر افسر میجر حافظ احسان الہٰی شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 5 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران میجر حافظ احسان الہٰی نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا اور دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ وہ بے گناہ شہریوں کے قتل کی وارداتوں میں بھی مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے اور علاقے کو مکمل طور پر دہشت گرد عناصر سے پاک بنایا جا سکے۔
پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور ہمارے بہادر شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے ناسور کے خلاف جنگ میں مزید حوصلہ اور عزم فراہم کرتی رہیں گی۔