خیبر میں سیکیورٹی کا جائزہ: حساس مقامات کی مانیٹرنگ کے لیے اینٹی ڈرون گنز اور ڈرون کیمرے استعمال کرنے کا فیصلہ

خیبر (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی زیر صدارت ضلع بھر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ایس پی باڑہ سرکل، ایس پی جمرود بادشاہ خان، تمام سرکل افسران اور ضلع بھر کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کے قیام، سیکیورٹی انتظامات، حساس مقامات کی حفاظت، جرائم کی روک تھام اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر افسران کو انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کی جانب سے فراہم کردہ اینٹی ڈرون گنز اور ڈرون کیمروں کے ذریعے حساس مقامات کی مانیٹرنگ کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔

ڈی پی او وقار احمد نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ اینٹی ڈرون گنز اور ڈرون کیمروں کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے اہم تنصیبات، سرکاری عمارتوں اور دیگر تمام حساس مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سیکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹنے میں مدد ملے گی۔

آخر میں ڈی پی او وقار احمد نے تمام ایس ایچ اوز کو احکامات جاری کیے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کریں، پولیس گشت میں اضافہ کریں اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے