خیبر پولیس کی استعداد بڑھانے کا منصوبہ، علی مسجد میں نئی سہولتوں پر پیش رفت

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد نے تھانہ علی مسجد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عسکری حکام سے ملاقات کرتے ہوئے امن و امان، سیکیورٹی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر بنانے، امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

بعد ازاں ڈی پی او خیبر وقار احمد نے زیرِ تعمیر پولیس چوکی اور تھانہ علی مسجد کی سائٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعمیراتی کام شروع ہونے والے مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام نے انہیں منصوبوں کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور آئندہ مراحل کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈی پی او خیبر نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق، شفاف انداز میں اور بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ پولیس اہلکاروں کو بہتر دفتری اور رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور مؤثر پولیسنگ کے لیے پولیس انفراسٹرکچر کی بہتری ناگزیر ہے۔

اس موقع پر انہوں نے نئی پولیس لائنز کے لیے مختص اراضی کا بھی معائنہ کیا اور مجوزہ تعمیراتی انتظامات، دستیاب سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی نگرانی کا مؤثر نظام وضع کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

ڈی پی او خیبر وقار احمد نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق پولیس انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر دفتری ماحول اور معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی سے پولیس اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا، جس کے مثبت اثرات عوام کو فراہم کی جانے والی پولیس خدمات پر بھی مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل محکمہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ عوام کو مزید بہتر، مؤثر اور جدید پولیسنگ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے