ڈہرکی کے قریب ڈکیتی کی مبینہ واردات، ایک ملزم کی ہلاکت کے بعد بیانات قلمبند

<گھوٹکی> (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ناری واہ کے قریب پیش آنے والے مبینہ ڈکیتی کے واقعے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ واقعے کے دوران شیخ برادری سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان سے لوٹ مار کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ نوجوان واقعے کے فوراً بعد متعلقہ تھانے پہنچا، جہاں اس نے پولیس کو اپنا ابتدائی بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے اسے روک کر گن پوائنٹ پر لوٹنے کی کوشش کی۔ اسی واقعے کے دوران پیش آنے والے حالات اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک مبینہ ملزم ہلاک ہو گیا۔

پولیس حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے معاملے کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے اور گاڑی کے اصل مالک کا بیان بھی قلم بند کر لیا ہے۔ پولیس کی تفتیشی ٹیموں کی جانب سے واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جبکہ آس پاس موجود عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔

تفتیشی حکام کے مطابق تفتیش مکمل ہونے، میڈیکل رپورٹ اور فرانزک شواہد کی روشنی میں ہی واقعے کی اصل حقیقت اور ذمہ داران کے بارے میں حتمی مؤقف جاری کیا جائے گا۔ واقعے کی مزید تفصیلی رپورٹ پولیس کی حتمی تحقیقات کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے