جمرود (کیو این این ورلڈ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف جاری مہم کے دوران جمرود پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 کلوگرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جمرود صدیق خان کی نگرانی میں انچارج نہر شاکس حامید کی سربراہی اور اسسٹنٹ انچارج ہاشم خان کی معاونت سے شاکس نہر کے قریب مشتبہ افراد کی چیکنگ کی جا رہی تھی۔ اس دوران ایک مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے 3 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
پولیس نے ملزم عبدالربی، سکنہ افغانستان حال شاکس، کو موقع پر گرفتار کرکے تھانہ جمرود منتقل کر دیا، جہاں اس کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس ایچ او تھانہ جمرود صدیق خان نے کارروائی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش معاشرے، بالخصوص نوجوان نسل کے دشمن ہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جمرود پولیس عوام کے تعاون سے منشیات کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی منشیات فروش کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع خیبر میں امن و امان کے قیام اور منشیات کے کاروبار کے خاتمے کے لیے پولیس کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔