اشتہاریوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور کرپشن پر زیرو ٹالرنس کی ہدایت

خیبر(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کے احکامات پر ایس پی آپریشن نواب خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کی صورتحال، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں اور عیدالاضحیٰ سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر حکمت خان، ڈی ایس پی مظہر آفریدی، ڈی ایس پی سید خان، ڈی ایس پی ٹریفک محمد نواز سمیت تمام سرکل افسران اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران ضلع خیبر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری، منشیات فروشوں کے خلاف جاری آپریشنز اور مختلف پولیس کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مال مویشی منڈیوں کی سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کے تحفظ کیلئے جامع سکیورٹی پلان پر بھی غور کیا گیا۔

ایس پی آپریشن نواب خان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، زیر التوا مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر ٹریس کیا جائے جبکہ سٹریٹ کرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی درخواستوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید ہدایت کی گئی کہ منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنایا جائے۔ تمام چوکیات اور تھانہ جات میں نفری بڑھانے کے ساتھ اہلکاروں کیلئے ہیلمٹ اور بلٹ پروف جیکٹس کے لازمی استعمال کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔

ایس پی آپریشن خیبر نے کہا کہ تھانہ جات اور چوکیات میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور نرمی سے پیش آیا جائے اور ان کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور خیبر پولیس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے