قصور: منشیات بھارت سمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام، 2 سگے بھائی گرفتار

قصور (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف طارق نوید سندھو)ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ گنڈا سنگھ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات بھارت سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ گنڈا سنگھ کی حدود سے دو سگے بھائیوں علی رضا اور علی شان کو حراست میں لے لیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 عدد جدید ڈرون، بیٹریاں، ریموٹ کنٹرولر اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ منشیات مبینہ طور پر ڈرون کے ذریعے سرحد پار بھارت سمگل کی جانی تھی۔ ریکارڈ کی پڑتال سے معلوم ہوا ہے کہ یہ دونوں سمگلر بھائی پہلے بھی اسی نوعیت کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں اور ماضی میں بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔

تھانہ گنڈا سنگھ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی نشاندہی کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے