جنوبی وزیرستان میں افغان جارحیت، پاک فوج کا فوری اور بھرپور ردعمل

ڈیرہ اسماعیل خان (کیو این این ورلڈ)پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیزی اور شہری آبادی پر بزدلانہ حملے کے جواب میں پاک فوج نے فوری اور انتہائی مستعدی کے ساتھ منہ توڑ کارروائی کی ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں افغان فورسز نے پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک شہری جامِ شہادت نوش کر گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان رجیم کے اس حملے کے فوراً بعد پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ پاکستانی افواج کی جوابی کارروائی میں افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔

یہ کارروائی دشمن کی کسی بھی اشتعال انگیزی کو ناکام بنانے اور سرحد پار سے آنے والی جارحیت کا فیصلہ کن ردعمل دینے کے عزم کا مظہر ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ معصوم شہریوں پر حملے کے بعد پاک فوج کا دشمن کے خلاف بھرپور ردعمل جاری ہے۔ پاک فوج کے جوان سرحد پر مکمل طور پر فعال ہیں اور دشمن کی کسی بھی جارحانہ کارروائی کو ناکام بنانے کے لیے ہر لمحہ تیار کھڑے ہیں۔

اس واقعے نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کرے گا اور اس کا جواب ہمیشہ فیصلہ کن اور مؤثر انداز میں دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے